17 جنوری 2014 - 20:30
سیرت نبوی (ص) پرعمل پیرا ہونے سے ہی اُمت مسلمہ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام مسلمانوں کو ایک ہوکر بھرپور انداز میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ پاکستان بھر میں جشن میلاد کے جلسے جلوسوں اور میلاد کی محافل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ نے بیان میں کہا ہے کہ 12 ربیع الاوّل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے رہنماؤں نے کوئٹہ میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس عید میلادالنبی (ص) میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔ مرکزی اور کوئٹہ ڈویژن کے رہنماؤں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حضور نبی کریم (ص) کی ذات اقدس امت کے لئے وحدت کی علامت ہے۔ آپ (ص) کی پاکیزہ شخصیت امت مسلمہ کے مشترکات میں سے ہے۔ یہی وہ اثاثہ ہے جس کو مرکز و محور بنا کر مسلمان تو کیا بلکہ تمام حقیقت پسند انسانوں کو بھی اکٹھا کیا جا سکتا ہے کیونکہ آپ (ص) کی پاکیزہ تعلیمات اور سنہرے اصول و ضوابط وہ جاویدانی و انسانی اصول ہیں، جو تمام حدود و قیود و زمان و مکان اور رنگ و نسل سے بالاتر ہیں۔ جس طرح قرآن مجید نے آپ (ص) کو تمام عالمین کے لئے رحمت قرار دیا۔ اس کے برعکس افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ انہیں تعلیمات سے دوری کی وجہ سے خود مسلم دنیا آج زوال پذیر اور ایک غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے۔ جن میں پاکستان سرفہرست ہے۔ اِن مشکلات اور مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کی پیروی ہے۔

بیان میں تمام مسلمانان عالم کو میلاد باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جہاں آئے دن استکبار جہانی اور اسلام دشمن قوتوں کے پروردہ عناصر دہشتگردی اور فرقہ واریت کی آگ کو اس ملک کے طول و ارض میں روشن کرنے میں مصروف ہیں، وہیں تمام مسلمانوں کو ایک ہوکر بھرپور انداز میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ پاکستان بھر میں جشن میلاد کے جلسے جلوسوں اور میلاد کی محافل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ تاکہ تمام دنیا پر یہ واضح ہو جائے کہ ہم سب مسلمان رسول پاک (ص) کی حرمت پر یک دل و یکجان ہیں۔ تمام دشمنان دین و پاکستان کی تمام تر سازشوں سے نمٹنے کے لئے کمربستہ ہیں۔

.......

/169